ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : اسسٹنٹ کمشنر نے لیا ہوم آئسولیشن والے متاثرین کا جائزہ ۔ گھر میں مناسب انتظام نہ ہونے پر کووڈ سینٹر میں منتقل ہونے کی دی ہدایت

بھٹکل : اسسٹنٹ کمشنر نے لیا ہوم آئسولیشن والے متاثرین کا جائزہ ۔ گھر میں مناسب انتظام نہ ہونے پر کووڈ سینٹر میں منتقل ہونے کی دی ہدایت

Fri, 28 May 2021 19:02:42    S.O. News Service

بھٹکل 28/ مئی (ایس او نیوز) اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی  نے کووڈ ٹیسٹ پوزیٹیو نکلے ہوئے اور ہوم آئسولیشن میں رکھے گئے متاثرین  کے گھروں تک پہنچ کر وہاں دستیاب سہولت کا جائزہ لیا اور گھر میں الگ تھلگ رہنے کا مناسب انتظام نہ ہونے پر بعض متاثرین کو سرکاری کووڈ کیئر سینٹر میں منتقل ہونے کی ہدایت دی۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی ٹیم کے ساتھ پہلے رنگین کٹّا میں واقع ایک گھر تک پہنچ کر وہاں پر موجود مریض سے اس کی  صحت کی موجودہ کیفیت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ اس کے بعد بینڈے کان، جالی اور مدینہ کالونی  علاقوں میں جا کر ہوم آئسولیشن والے متاثرین سے بات چیت کی ۔ صحت کی موجودہ حالت اور دواوں وغیرہ کے تعلق سے  تفصیلات پوچھی۔ آشا اور آنگن واڈی کارکنان باقاعدگی سے متاثرین کے گھر پہنچ کر معلومات حاصل کرنے کے تعلق سے بھی دریافت کیا۔ 

    اس کے بعد تعلقہ ہاسپٹل کے سامنے واقع ہاسٹل میں  سرکار کی طرف سے بنائے گئے کووڈ کیئر سینٹر کے تعلق سے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر پر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔  داخل کیے گئے متاثرین کے لئے کھانے پینے اور گرم پانی وغیرہ کا پورا انتظام ہے۔ روازنہ کاروار سے ڈاکٹر ٹیلی میڈیسن کے ذریعے متاثرین کو دوائیں تجویز کرنے کے علاوہ صحت سے متعلق ہدایات دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی طور پر بھی ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف کا پورا انتظام ہے۔ متاثرین کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، اس کے لئے نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ اس لئے جنہیں گھر میں الگ تھلگ رہنے کی سہولت نہیں ہے، ایسے افراد اس سینٹر میں قیام کر سکتے ہیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ دورہ کرنے والی ٹیم میں تحصیلدار روی چندرا، سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر، پی ایس آئی سوما، ٹی ایم سی کی سینئر ہیلتھ انسپکٹَر اور نوڈل آفیسر سوجیا سومن، جالی پٹن پنچایت کے نوڈل آفیسر انور، ٹی ایم سی کے نوڈل آفیسر وینو گوپال شاستری وغیرہ شامل تھے۔


Share: